حنا دلپذیر کا میرٹ پر کام نہ ملنے کا شکوہ

حنا دلپذیر کا میرٹ پر کام نہ ملنے کا شکوہ

Sep 10, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( شو بزڈیسک)سینئر اداکارہ حنا دلپذیر نے شوبز صنعت میں میرٹ کے بجائے ذاتی پسند اور تعلقات کی بنیاد پر کام ملنے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔حنا دلپذیر نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے فنی سفر اور شوبز صنعت سے متعلق مختلف معاملات پر گفتگو کی۔میزبان نے اداکارہ سے پوچھا کہ کیا انہیں سنجیدہ کرداروں پر مبنی اسکرپٹس کی پیشکش نہیں ہورہی یا وہ خود کام کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتیں؟ اس پر حنا دلپذیر نے کہا کہ انہیں سنجیدہ اور معیاری اسکرپٹس کی پیشکش ہی نہیں کی جاتی اور وہ اس کی وجہ تلاش کررہی ہیں، مگر انہیں اب تک کوئی جواب نہیں ملا۔اداکارہ نے کہا کہ ان کے خیال میں شوبز میں گروہ بندی کا نظام بہت مضبوط ہے، ہر شخص اپنی پسند کے فنکاروں کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ہر ٹی وی چینل کے اپنے 6، 7 پسندیدہ افراد ہیں جو عیدالفطر کے پروگرام میں سفید اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر سیاہ شیروانی پہن کر بیٹھے نظر آتے ہیں۔حنا دلپذیر کا کہنا تھا کہ اگر مستقبل میں ایسا وقت آیا جب کام واقعی میرٹ کی بنیاد پر دیا جانے لگا تو ممکن ہے انہیں بھی اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع مل جائے۔