لاہور( اباسین خبر)لاہور سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں میں کئی روز سے جاری بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 43 افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں بڑی تعداد بچوں کی ہے۔خیبرپختونخوا کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق 25 مارچ سے جاری بارشوں اور طوفانی موسم کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 30 افراد جاں بحق اور 85 زخمی ہوئے۔جاں بحق افراد میں 20 بچے، 5 خواتین اور 5 مرد شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں بھی بچوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔بارشوں کے باعث صوبے میں مجموعی طور پر 140 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 115 گھروں کو جزوی اور 25 گھروں کو مکمل طور پر تباہ ہونے کی اطلاع ہے۔متاثرہ اضلاع میں پشاور، ایبٹ آباد، کوہاٹ، بنوں اور دیگر علاقے شامل ہیں، جہاں فصلوں اور املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔حکام کے مطابق ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جا رہی ہے۔