حارث رؤف پہلی بار ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کی نمائندگی کریں گے
لاہور ( سپورٹس ڈیسک) پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز میں شمولیت پر خوشی اور جوش کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں حارث رؤف کا کہنا تھا کہ ایڈیلیڈ اوول دنیا کے بہترین کرکٹ میدانوں میں سے ایک ہے اور انہیں وہاں کھیل کر ہمیشہ لطف آیا ہے۔ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے کوچ ٹم پین نے حارث رؤف کو میچ ونر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔حارث رؤف کا بگ بیش لیگ کے لیے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز سے معاہدہ ہو چکا ہے۔ وہ اس سے قبل لیگ کے 5 سیزنز میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کر چکے ہیں اور اب پہلی مرتبہ اسٹرائیکرز کی جانب سے کھیلیں گے۔حارث رؤف بگ بیش لیگ میں اب تک 56 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ انگلینڈ کے بین اسٹوکس اور نیوزی لینڈ کے مارک چیپمین بھی ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کا حصہ ہیں۔بگ بیش لیگ 12 دسمبر سے 26 جنوری تک کھیلی جائے گی، جبکہ اسٹرائیکرز کا سڈنی تھنڈرز کے خلاف پہلا میچ 16 دسمبر کو شیڈول ہے۔