کراچی( شو بز ڈیسک)پاکستان کی مقبول اداکارہ ہانیہ عامر نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر لیا ہے۔ انہیں معروف کاروباری اور عالمی جریدے فوربس کی “30 انڈر 30 ایشیا 2026” فہرست میں شامل کیا گیا ہے، جہاں وہ تفریح اور کھیل کے شعبے میں نمایاں حیثیت رکھتی ہیں۔فوربس کی یہ سالانہ فہرست ایشیا بھر کے اُن باصلاحیت نوجوان افراد کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے جن کی عمر 30 برس سے کم ہو اور جنہوں نے اپنے اپنے شعبوں میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہوں۔ اس سال کی فہرست میں ہانیہ عامر کے ساتھ پاکستانی فلم ساز سمن کامران کا نام بھی شامل ہے۔ہانیہ عامر گزشتہ کئی برسوں سے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ وہ حال ہی میں انسٹاگرام پر دو کروڑ سے زائد فالوورز کے ساتھ پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی خاتون شخصیت بھی بن چکی ہیں، جو ان کی عالمی اور مقامی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔اداکارہ کے حالیہ کامیاب منصوبوں میں سپر ہٹ ڈرامہ “کبھی میں کبھی تم” شامل ہے، جبکہ وہ جلد پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز “جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو” میں بھی جلوہ گر ہوں گی۔ ہانیہ عامر اداکاری کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے خواتین کے ادارے کی نیشنل گڈول ایمبیسیڈر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہی ہیں۔دوسری جانب فلم ساز سمن کامران کو بھی فوربس کی اس باوقار فہرست میں جگہ ملی ہے۔ ان کے فن کا محور سماجی اور ماحولیاتی مسائل ہیں۔ ان کی مختصر فلم “دی بیڈ شی میڈ” پاکستان کی واحد فلم تھی جسے بوسن انٹرنیشنل شارٹ فلم فیسٹیول کے لیے منتخب کیا گیا، جہاں اس میں پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی اور تولیدی صحت جیسے اہم مسائل کو اجاگر کیا گیا۔سمن کامران اس سے قبل فلم “عمرو عیار: ایک نئی شروعات” میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔
ہانیہ عامر فوربس 30 انڈر 30 ایشیا 2026 میں شامل، بڑی عالمی کامیابی
2 گھنٹے قبل