سرکاری اداروں کے بورڈز میں شفافیت یقینی بنانے پر زور

سرکاری اداروں کے بورڈز میں شفافیت یقینی بنانے پر زور

Jul 10, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت کابینہ کمیٹی برائے سرکاری اداروں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سرکاری اداروں کے بورڈز میں شفاف طرزِ حکمرانی کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔سرکاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) اور سینڈک میٹلز کے بورڈز سے متعلق مختلف امور کا قانونی تقاضوں کے مطابق جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ہر سرکاری ادارے کے بورڈ میں متعلقہ وزارت کا صرف ایک نمائندہ شامل ہوگا تاکہ بہتر نظم و نسق اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔اعلامیے کے مطابق توانائی کے شعبے کو بین الاقوامی مالیاتی رپورٹنگ معیارات (آئی ایف آر ایس) سے استثنا دینے کی تجویز مؤخر کر دی گئی، جبکہ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ نظرثانی کے بعد تجویز دوبارہ پیش کی جائے۔اجلاس میں پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کے بورڈ میں ایک آزاد ڈائریکٹر کی تقرری کی بھی منظوری دی گئی۔کابینہ کمیٹی نے اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کو سرکاری تجارتی اداروں کی فہرست سے خارج کرنے کی منظوری دیتے ہوئے واضح کیا کہ ادارے کی غیر تجارتی اور قانونی حیثیت برقرار رہے گی۔اجلاس میں وفاقی وزرا، مختلف وزارتوں کے سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔