بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری تیز کرنے کا فیصلہ، وزیراعظم کی شفاف عمل کی ہدایت

3 گھنٹے قبل
بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری تیز کرنے کا فیصلہ، وزیراعظم کی شفاف عمل کی ہدایت

 اسلام آباد( اباسین خبر)وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں نجکاری کے عمل اور اس کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خسارے کا شکار سرکاری اداروں کی نجکاری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ڈسکوز کی نجکاری کا عمل تیز کیا جائے اور تمام مراحل شفاف انداز میں مکمل کیے جائیں۔وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ نجکاری کے بعد ایک مؤثر اور مضبوط ریگولیٹری نظام تشکیل دیا جائے تاکہ نظام کو بہتر انداز میں چلایا جا سکے۔اجلاس میں دی گئی بریفنگ کے مطابق نجکاری کے پہلے مرحلے میں اسلام آباد، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کی جائے گی۔مزید بتایا گیا کہ ان کمپنیوں کی نجکاری کے لیے دلچسپی کے اظہار کے اشتہارات ملکی اور بین الاقوامی اخبارات میں جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ کابینہ کی نجکاری کمیٹی ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی منظوری دے چکی ہے۔بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے رواں ماہ روڈ شوز شروع کیے جا رہے ہیں، جبکہ سعودی عرب، ترکیہ اور چین کے سرمایہ کاروں کے لیے بھی بین الاقوامی سطح پر روڈ شوز منعقد کیے جائیں گے۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پاور سردار اویس لغاری، مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔