پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر گڈز ٹرانسپورٹ کرائے 5 فیصد بڑھ گئے

پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر گڈز ٹرانسپورٹ کرائے 5 فیصد بڑھ گئے

Sep 9, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( کامرس ڈیسک) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے ملک بھر میں مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 17 روز کے دوران ڈیزل 19 روپے جبکہ پیٹرول 20 روپے فی لیٹر مہنگا کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کا حکومتی فیصلہ ناقابل قبول ہے۔شہزاد اعوان کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانی پر ملک گیر ہڑتال 40 روز کے لیے مؤخر کی گئی تھی۔ ٹرانسپورٹرز کے بعض مطالبات تسلیم کیے گئے اور ان پر عملدرآمد بھی جاری ہے، تاہم بیشتر مطالبات اب بھی زیر التوا ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 58 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا، جس کے بعد نئی قیمت 364 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی۔اسی طرح ڈیزل کی قیمت بھی 4 روپے 18 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 385 روپے 95 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔