امریکی اقدامات کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا ہو گیا
اسلام آباد( کامرس ڈیسک) امریکا کی جانب سے ایران پر فضائی حملوں اور ایرانی تیل کی فروخت پر دوبارہ پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جبکہ مالیاتی منڈیوں میں بھی غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی خام تیل (ڈبلیو ٹی آئی) کے فیوچر معاہدوں کی قیمت میں 2.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد ایک بیرل خام تیل کی قیمت 72.40 ڈالر تک پہنچ گئی۔دوسری جانب امریکی 10 سالہ ٹریژری بانڈ فیوچر میں کمی دیکھی گئی، کیونکہ سرمایہ کاروں نے خطے میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی کے باعث مہنگائی اور شرح سود میں اضافے کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی سرمایہ کاری کی حکمت عملی میں تبدیلی شروع کر دی ہے۔رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز میں تجارتی آئل ٹینکروں پر حملوں کے بعد امریکا نے ایران کے خلاف فضائی کارروائیاں کیں اور ایرانی خام تیل کی فروخت پر پابندیاں دوبارہ نافذ کر دیں، جس سے عالمی توانائی کی رسد کے حوالے سے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی سپلائی متاثر ہونے کا خطرہ موجود ہے، جس کے اثرات نہ صرف خام تیل کی قیمتوں بلکہ دیگر عالمی مالیاتی منڈیوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔