پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی اور صنعتوں میں عالمی سرمایہ کاری کا رجحان بڑھنے لگا

پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی اور صنعتوں میں عالمی سرمایہ کاری کا رجحان بڑھنے لگا

Jul 9, 2026|ویب ڈیسک

 اسلام آباد( کامرس ڈیسک)پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی، صنعتی شعبوں اور خصوصی اقتصادی زونز میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ عالمی سرمایہ کار پاکستان کو جدید صنعتوں کے لیے ایک اہم مقام کے طور پر دیکھنے لگے ہیں۔اسی سلسلے میں وفاقی وزیرِ سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ سے برطانیہ۔چین فنڈ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات اور ٹیکنالوجی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔برطانیہ۔چین فنڈ نے پاکستان میں ٹیکنالوجی پارکس، پاکستان اسٹیل ملز، لیتھیم ٹیکنالوجی اور کراچی میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ وفد نے پاکستان کو کمپیوٹر چپ پیکیجنگ، سیمی کنڈکٹرز، ماحول دوست توانائی کے آلات اور جدید مینوفیکچرنگ کے لیے موزوں ملک قرار دیا۔ملاقات کے دوران وفد کو دی سلیکون ولیج میں پاکستان کے پہلے ٹیکس فری ٹیکنالوجی زون اور پہلے مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا سینٹر پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔برطانیہ۔چین فنڈ نے چین کے کامیاب ٹیکنالوجی پارک ماڈل کو دی سلیکون ولیج کے تعاون سے پاکستان میں متعارف کرانے میں دلچسپی ظاہر کی۔اس موقع پر وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے پاکستان اسٹیل ملز، چنیوٹ کے لوہے کے ذخائر اور خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ملاقات میں بورڈ آف انویسٹمنٹ پاکستان نے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اقتصادی ماہرین کے مطابق عالمی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی پاکستان کی صنعتی صلاحیت، جدید ٹیکنالوجی کے امکانات اور مستقبل کی معاشی ترقی پر اعتماد کی علامت ہے۔