فرانس مراکش کو شکست دے کر ورلڈکپ سیمی فائنل میں پہنچ گیا

فرانس مراکش کو شکست دے کر ورلڈکپ سیمی فائنل میں پہنچ گیا

Jul 10, 2026|ویب ڈیسک

 لاہور( سپورٹس ڈیسک)فیفا ورلڈکپ 2026 کے پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس نے مراکش کو 2-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی پہلی ٹیم کا اعزاز حاصل کر لیا۔بوسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے آغاز سے ہی فرانسیسی ٹیم نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور مراکش کے گول پر متعدد حملے کیے۔پہلے ہاف میں فرانس کو اس وقت سنہری موقع ملا جب کپتان کیلیان ایمباپے کو پنالٹی ایریا میں گرائے جانے پر ٹیم کو پنالٹی ملی، تاہم مراکش کے گول کیپر نے ایمباپے کی پنالٹی شاندار انداز میں روک کر اپنی ٹیم کو نقصان سے بچا لیا۔ یوں پہلے ہاف کا اختتام بغیر کسی گول کے برابر رہا۔دوسرے ہاف میں بھی فرانس نے دباؤ برقرار رکھا اور بالآخر 60ویں منٹ میں ایمباپے نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ صرف چھ منٹ بعد عثمان ڈیمبیلے نے ایک خوبصورت گول اسکور کرتے ہوئے فرانس کی برتری 2-0 کر دی۔میچ کے 82ویں منٹ میں مراکش کو فری کک کا موقع ملا، لیکن فرانسیسی گول کیپر نے بہترین دفاع کرتے ہوئے گیند کو جال میں جانے سے روک دیا۔ بعد ازاں مراکش کو ایک اور موقع بھی ملا، تاہم وہ اسے بھی گول میں تبدیل نہ کر سکا۔اس کامیابی کے ساتھ فرانس فیفا ورلڈکپ 2026 کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گیا۔