دھوپ میں میری آنکھوں کا رنگ بدل جاتا ہے، فضا علی کا دلچسپ انکشاف
کراچی( شوبز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ اور میزبان فضا علی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ دن کے وقت دھوپ میں گاڑی چلانے سے گریز کرتی ہیں کیونکہ سورج کی روشنی میں ان کی آنکھوں کا رنگ بدل جاتا ہے۔فضا علی نے اپنے شوہر اعجاز خان کے ہمراہ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کی، جہاں دونوں نے مختلف سوالات کے دلچسپ انداز میں جواب دیے۔سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر اور ویڈیوز سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فضا علی نے کہا کہ کچھ لوگ ان کی پوسٹس کو آسانی سے برداشت کر لیتے ہیں، جبکہ بعض افراد انہیں دیکھ کر ناراض ہو جاتے ہیں۔پروگرام کے دوران میزبان نے اعجاز خان سے پوچھا کہ کیا فضا علی اچھی ڈرائیونگ کرتی ہیں؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ وہ اچھی ڈرائیور ہیں، تاہم گاڑی چلاتے ہوئے انہیں نیند آنے لگتی ہے۔اس پر فضا علی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اصل مسئلہ نیند نہیں بلکہ سورج کی روشنی ہے۔ ان کے مطابق دھوپ میں ان کی آنکھوں کا رنگ تبدیل ہونے لگتا ہے، اسی وجہ سے وہ دن کے وقت گاڑی چلانے سے حتیٰ الامکان گریز کرتی ہیں۔