وزیر خزانہ کا نئی انڈسٹریل پالیسی جلد لانے کا اعلان

وزیر خزانہ کا نئی انڈسٹریل پالیسی جلد لانے کا اعلان

Jul 8, 2026|ویب ڈیسک

کراچی (کامرس ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ حکومت جلد نئی انڈسٹریل پالیسی متعارف کرائے گی، جس کا مقصد صنعتی شعبے کو سہولت فراہم کرنا اور اس کی ترقی کے لیے واضح سمت کا تعین کرنا ہے۔کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت تین بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے عمل کو آگے بڑھا رہی ہے، جبکہ سرکاری ملکیتی اداروں میں شامل 28 اداروں کی نجکاری پر بھی کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے کاروباری برادری اور صنعتی شعبے کو مختلف مراعات فراہم کی ہیں، جن میں سپر ٹیکس میں کمی بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہے اور معاشی استحکام کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں۔محمد اورنگزیب نے بتایا کہ اگرچہ 19 غیر ملکی کمپنیاں پاکستان سے جا چکی ہیں، تاہم 79 نئی غیر ملکی کمپنیاں ملک میں آئی ہیں، جبکہ 22 غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے سرمایہ کاری بھی کی گئی ہے۔وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ برآمد کنندگان کے لیے 88 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں اور انہیں ساڑھے چار فیصد شرح پر مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی انڈسٹریل پالیسی کے نفاذ سے صنعتکاروں کو ریلیف ملے گا، سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور صنعتی شعبے کی ترقی کو نئی رفتار ملے گی۔