امجد خان کے کروڑوں روپے فلم سازوں نے واپس نہ کیے، بیٹے کا انکشاف

1 گھنٹے قبل
امجد خان کے کروڑوں روپے فلم سازوں نے واپس نہ کیے، بیٹے کا انکشاف


کراچی( شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کے نامور اداکار مرحوم امجد خان کے بیٹے شاداب خان نے انکشاف کیا ہے کہ فلم انڈسٹری کے کئی معروف پروڈیوسرز اور فلم ساز ان کے والد کے ایک کروڑ 27 لاکھ روپے کے مقروض تھے، مگر کسی نے بھی یہ رقم واپس نہیں کی۔ایک انٹرویو میں شاداب خان نے بتایا کہ اس دور میں یہ رقم بہت بڑی سمجھی جاتی تھی اور اس سے ممبئی کے پوش علاقے پالی ہل میں کئی فلیٹس خریدے جا سکتے تھے۔انہوں نے کہا کہ ان کے والد مالی مشکلات کا شکار افراد کے قرض اکثر معاف کر دیتے تھے، لیکن جو لوگ ادائیگی کی استطاعت رکھتے تھے انہوں نے بھی رقم واپس نہیں کی۔شاداب خان کے مطابق امجد خان کے انتقال کے چند ماہ بعد ایک انڈر ورلڈ ڈان نے رابطہ کر کے پیشکش کی کہ وہ تین دن میں تمام رقم واپس دلوا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ شہلا خان نے یہ پیشکش مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امجد خان نے زندگی بھر کبھی جرائم پیشہ عناصر سے فائدہ نہیں اٹھایا، اس لیے اب بھی ایسی مدد قبول نہیں کی جائے گی۔واضح رہے کہ امجد خان نے دو دہائیوں پر مشتمل فلمی کیریئر میں 130 سے زائد فلموں میں اداکاری کی۔ فلم “شعلے” میں گبر کے کردار نے انہیں غیر معمولی شہرت دلائی تھی اور آج بھی انہیں اسی کردار کے باعث یاد کیا جاتا ہے۔