فیفا کے ریفری تقرر پر تنازع، مراکش۔فرانس کوارٹر فائنل کے لیے تمام آفیشلز ارجنٹینا سے منتخب

فیفا کے ریفری تقرر پر تنازع، مراکش۔فرانس کوارٹر فائنل کے لیے تمام آفیشلز ارجنٹینا سے منتخب

Jul 9, 2026|ویب ڈیسک

لاہور ( سپورٹس ڈیسک)فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے دو کوارٹر فائنل مقابلوں کے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا، تاہم مراکش اور فرانس کے درمیان ہونے والے پہلے کوارٹر فائنل کے لیے تمام آفیشلز کا تعلق ارجنٹینا سے ہونے پر سوشل میڈیا پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔فیفا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 9 جولائی کو امریکا کے شہر بوسٹن میں کھیلے جانے والے مراکش اور فرانس کے میچ کے لیے پانچ آفیشلز مقرر کیے گئے ہیں، جن میں مرکزی ریفری، دونوں اسسٹنٹ ریفریز، ریزرو اسسٹنٹ ریفری اور فورتھ آفیشل شامل ہیں، اور تمام کا تعلق ارجنٹینا سے ہے۔اس فیصلے کے بعد سوشل میڈیا پر متعدد صارفین اور فٹبال شائقین نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ریفری تقرری کے طریقہ کار پر سوالات اٹھائے۔ایک صارف نے لکھا کہ فرانس کے میچ کے لیے تمام ریفریز ارجنٹینا سے منتخب کیے گئے ہیں، جس سے غیرجانبداری کے حوالے سے شکوک پیدا ہوتے ہیں۔ایک اور صارف نے فیفا پر تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ریفریوں کی تقرری کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ایک اور تبصرے میں کہا گیا کہ جب دنیا بھر کے درجنوں ممالک کے ریفریز دستیاب ہیں تو تمام آفیشلز ایک ہی ملک سے منتخب کرنا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔اس معاملے پر سابق ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان اور آل راؤنڈر کارلوس بریتھ ویٹ نے بھی ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر تنقید کی۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ کم از کم غیرجانبداری کا تاثر برقرار رکھا جانا چاہیے، جبکہ ایک اور پوسٹ میں انہوں نے ارجنٹینا اور مصر کے میچ کا حوالہ دیتے ہوئے ریفری کے فیصلوں پر بھی سوالات اٹھائے۔تاہم فیفا کی جانب سے ریفریوں کے انتخاب پر سامنے آنے والی تنقید یا سوشل میڈیا ردعمل پر تاحال کوئی باضابطہ مؤقف جاری نہیں کیا گیا ہے۔