راولپنڈی ( اباسین خبر) فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر سے لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف جنرل روڈولف ہائیکل نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق لبنانی فوجی سربراہ کی جی ایچ کیو آمد پر انہیں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے فوجی رہنماؤں نے دفاعی تعاون، تربیتی روابط اور ادارہ جاتی سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر گفتگو کی۔اس موقع پر فریقین نے خطے میں امن و استحکام اور بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال سمیت پیشہ ورانہ فوجی روابط کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان لبنان کے ساتھ اپنے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاک فوج دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔لبنانی آرمی چیف نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل کارکردگی کو سراہتے ہوئے علاقائی امن اور بین الاقوامی امن مشنز میں اس کے کردار کو قابلِ تعریف قرار دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقات دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون کے فروغ اور باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کی عکاس ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر اور لبنانی فوجی سربراہ کی ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
3 گھنٹے قبل