ایف بی آر نے گھریلو برقی آلات پر ٹیکس اسٹیمپ لازمی قرار دے دیا
کراچی ( کامرس ڈیسک)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس قوانین میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے گھریلو برقی آلات اور اسٹوریج بیٹریوں کو ٹیکس اسٹیمپ کے نظام میں شامل کرلیا ہے۔ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایئر کنڈیشنر، فریج، فریزر، واشنگ مشین اور ٹیلی ویژن سمیت نئی مصنوعات پر ٹیکس اسٹیمپ لگانا لازمی ہوگا۔ اس کے علاوہ اسٹوریج بیٹریاں بھی نئے قواعد کے تحت ٹیکس اسٹیمپ اور ٹریکنگ کے نظام میں شامل ہوں گی۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ درآمدی مصنوعات پر بھی کسٹم کلیئرنس سے پہلے ٹیکس اسٹیمپ نصب اور فعال کرنا ضروری ہوگا۔ اسٹیمپ کے بغیر کسی درآمدی شے کو کلیئرنس نہیں دی جائے گی۔ریٹیل اور گاڑیوں کی صنعت کو فراہم کی جانے والی اسٹوریج بیٹریاں بھی ان قواعد کے دائرے میں آئیں گی، تاہم بیٹریوں کے پرزے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ سرکاری ملکیتی اداروں کو بھی نئے ضوابط میں شامل کرلیا گیا ہے۔ایف بی آر کے مطابق ٹیکس اسٹیمپ مصنوعات اور ان کی پیکنگ، دونوں پر لگانا ہوگا۔ ہر لائسنس صرف ایک مخصوص مصنوعات کی نگرانی کے لیے استعمال کیا جا سکے گا، جبکہ لائسنس رکھنے والا کسی دوسری مصنوعات کی ٹریکنگ نہیں کرسکے گا۔ یہ پابندی پہلے سے جاری لائسنسوں پر بھی لاگو ہوگی۔نئے قواعد کے تحت لائسنس حاصل کرنے کے لیے درخواست گزار کا کمپنی ہونا لازمی نہیں رہا، بلکہ کوئی بھی اہل فرد یا ادارہ درخواست دے سکے گا۔ لائسنس ہولڈر کو ٹیکس اسٹیمپ سسٹم کی تنصیب اور مرمت کی ذمہ داری بھی پوری کرنا ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق ٹریکنگ سسٹم کا تمام ڈیٹا حکومت پاکستان کی ملکیت ہوگا اور لائسنس کی مدت مکمل ہونے پر متعلقہ معلومات اور کوڈز ایف بی آر کے حوالے کرنا لازمی ہوں گے۔