شہرت اکثر تنہائی کا سبب بنتی ہے، اداکار ورون دھون کا سلمان خان کی پوسٹس پر اظہارِ خیال

2 گھنٹے قبل
شہرت اکثر تنہائی کا سبب بنتی ہے، اداکار ورون دھون کا سلمان خان کی پوسٹس پر اظہارِ خیال

ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ اداکار ورون دھون نے سپر اسٹار سلمان خان کی حالیہ رات گئے سوشل میڈیا پوسٹس کے تناظر میں شہرت اور تنہائی کے موضوع پر گفتگو کی ہے۔بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ورون دھون نے کہا کہ غیر معمولی شہرت اکثر انسان کو تنہائی اور جذباتی دباؤ کا شکار بنا دیتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب زندگی میں مشکلات موجود ہوں۔انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنی اصل شخصیت کے ساتھ سامنے آنے کو ترجیح دیتے ہیں اور مصنوعی رویہ اپنانے سے گریز کرتے ہیں۔ورون دھون کے مطابق ہر وقت خود کو کامل اور مضبوط ظاہر کرنا ضروری نہیں، کیونکہ اس سے ذہنی دباؤ بڑھ سکتا ہے اور انسان کی اندرونی کیفیت متاثر ہو سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلسل دکھاوے کی زندگی بالآخر انسان کو ایک ایسے مقام پر لے آتی ہے جہاں جذباتی بوجھ برداشت کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔واضح رہے کہ سلمان خان کی حالیہ انسٹاگرام پوسٹس اور پراسرار کیپشنز نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کی ہے، جس کے بعد ان کی ذاتی زندگی اور ذہنی کیفیت سے متعلق قیاس آرائیاں بھی جاری ہیں۔ورون دھون اور سلمان خان کا تعلق فلمی صنعت میں طویل عرصے سے ہے، جبکہ سلمان خان نے ورون کے والد ڈیوڈ دھون کے ساتھ بھی کئی کامیاب فلموں میں کام کیا ہے۔