جھانوی کپور کی جعلی تصاویر نے کم عمری میں ہی اداکارہ کو ہلا کر رکھ دیا

1 گھنٹے قبل
جھانوی کپور کی جعلی تصاویر نے کم عمری میں ہی اداکارہ کو ہلا کر رکھ دیا

ممبئی ( شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور نے انکشاف کیا ہے کہ کم عمری میں ان کی جعلی تصاویر نامناسب ویب سائٹس پر سامنے آئیں، جس کے باعث وہ شدید ذہنی صدمے سے دوچار ہوئیں۔ایک گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ ان کے اسکول کے زمانے میں پیش آیا، جب انہوں نے کلاس کے دوران اپنی تصاویر ایسی ویب سائٹس پر دیکھیں جو حقیقت میں ان کی نہیں تھیں بلکہ مصنوعی طور پر تیار کی گئی تھیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ مکمل طور پر جعلی مواد تھا جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، تاہم اس تجربے نے انہیں کم عمری میں ہی شہرت کے منفی پہلوؤں سے آگاہ کر دیا۔اداکارہ نے سوال اٹھایا کہ کیا عوامی شخصیت ہونے کا مطلب یہ ہے کہ انسان کو اس قسم کے غیر اخلاقی مواد کو برداشت کرنا پڑے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر مصنوعی طریقے سے تیار کی جانے والی تصاویر اور ویڈیوز پر بھی تشویش ظاہر کی۔جھانوی کپور کے مطابق ان سے منسوب کئی ایسی تصاویر اور ویڈیوز بھی گردش کر رہی ہیں جو حقیقت پر مبنی نہیں لیکن انہیں سچ کے طور پر پیش کیا جاتا ہے، یہاں تک کہ بعض اوقات معتبر ذرائع بھی انہیں شیئر کر دیتے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اس صورتحال سے پیشہ ورانہ مسائل بھی جنم لے سکتے ہیں، کیونکہ مستقبل میں ہدایت کار ایسے جعلی مواد کو بنیاد بنا کر دباؤ ڈال سکتے ہیں۔ان کے مطابق یہ مسئلہ صرف ان تک محدود نہیں بلکہ دیگر شخصیات بھی اس کا شکار ہو رہی ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے غلط استعمال اور ڈیجیٹل حدود کے تعین کی فوری ضرورت ہے۔