بھارتی مارکیٹ اور محدود طلب، پاکستانی مواد نیٹ فلکس پر کیوں نہیں؟
کراچی( شوبز ڈیسک) پاکستان کے معروف اداکار فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستانی ڈراموں اور فلموں کی نیٹ فلکس پر محدود موجودگی کی بڑی وجوہات میں بھارتی مارکیٹ کا اثرورسوخ اور پاکستان میں اس پلیٹ فارم کی کم تجارتی اہمیت شامل ہیں۔ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل قریشی نے کہا کہ ان کے خیال میں بھارتی حلقے پاکستانی مواد کو نیٹ فلکس پر جگہ ملنے کے حق میں نہیں، جبکہ نیٹ فلکس بھی ایسے مواد کو ترجیح دیتا ہے جو معاشرے کے مثبت اور منفی دونوں پہلوؤں کو حقیقت پسندانہ انداز میں پیش کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فلم ساز ہر موضوع پر آزادی سے کام نہیں کر سکتے، کیونکہ بعض حساس موضوعات پر حقیقت پسندانہ مواد تخلیق کرنے کی صورت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔فیصل قریشی کے مطابق پاکستان میں نیٹ فلکس کی محدود تجارتی اہمیت بھی ایک اہم وجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت سے پاکستانی صارفین ذاتی سبسکرپشن لینے کے بجائے دوستوں یا بیرونِ ملک مقیم رشتہ داروں کے اکاؤنٹس استعمال کرتے ہیں، جبکہ ایک ہی سبسکرپشن کئی افراد کے درمیان شیئر کی جاتی ہے، جس کے باعث نیٹ فلکس کو پاکستان سے خاطر خواہ مالی فائدہ حاصل نہیں ہوتا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں نئی فلموں کی ریلیز کے وقت اکثر لوگوں کا پہلا سوال یہی ہوتا ہے کہ یہ یوٹیوب پر کب دستیاب ہوگی، جو مقامی صارفین کے ڈیجیٹل مواد استعمال کرنے کے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔