انگلینڈ نے میزبان میکسیکو کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی
میکسیکو سٹی( سپورٹس ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے قبل از کوارٹر فائنل میں انگلینڈ نے میزبان میکسیکو کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے کر آخری آٹھ ٹیموں میں جگہ بنا لی۔اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ نے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جہاں اب اس کا مقابلہ ناروے سے ہوگا، جس نے اپنے گزشتہ میچ میں برازیل کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا تھا۔میچ میں انگلینڈ کی جانب سے جوڈ بیلنگھم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول اسکور کیے، جبکہ کپتان ہیری کین نے ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ میزبان میکسیکو کی جانب سے کوئی نینس اور راول خیمنیز نے ایک، ایک گول کیا، تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔مقابلے کا اہم موڑ دوسرے ہاف کے 54ویں منٹ میں آیا، جب انگلینڈ کے دفاعی کھلاڑی جیریل کوانساہ کو ریفری نے ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا۔ اس کے بعد انگلش ٹیم نے بقیہ وقت دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے بھی اپنی برتری برقرار رکھی اور کامیابی اپنے نام کر لی۔یاد رہے کہ اسی روز کھیلے گئے ایک اور قبل از کوارٹر فائنل میں ناروے نے پانچ بار کی عالمی چیمپئن برازیل کو 2-1 سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔