لاہور ( شوبز ڈیسک) معروف اداکارہ ماورا حسین نے اداکاری اور جذباتی مناظر میں رونے کے فن پر کھل کر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ سچے جذبات اور خلوص ہی ناظرین کے دل تک پہنچنے کا ذریعہ بنتے ہیں۔نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں ماورا حسین اپنی بہن عروہ حسین کے ہمراہ شریک ہوئیں جہاں دونوں نے اداکاری، خاندانی تعلقات اور جذباتی مناظر کے پس منظر میں چھپی دلچسپ باتیں شیئر کیں۔پروگرام کے دوران میزبان نے ماورا حسین کی اداکاری، خوبصورتی اور خاص طور پر سکرین پر رونے کے انداز کی تعریف کی جس پر انہوں نے مسکرا کر شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر عروہ حسین نے کہا کہ ماورا صرف خوبصورت نہیں بلکہ وہ جذبات کو گہرائی سے محسوس کرتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ ناظرین بھی ان سے جڑ جاتے ہیں۔ انہوں نے ہنستے ہوئے بتایا کہ بچپن میں بھی ماورا جب روتی تھیں تو گھر والے فوراً مان جاتے تھے کیونکہ وہ بہت پیاری لگتی تھیں۔ایک سوال کے جواب میں عروہ حسین نے واضح کیا کہ رونے کے انداز کی کوئی خاص تربیت نہیں دی گئی بلکہ اصل چیز سچے جذبات کا اظہار ہے جو خود بخود سکرین پر نظر آتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اگر کسی منظر میں رہنمائی درکار ہو تو وہ سب سے پہلے ماورا حسین سے رابطہ کرتی ہیں اور بعد میں اپنے شوہر فرحان سعید سے بھی مشورہ لیتی ہیں۔ماورا حسین نے اپنے انداز کے بارے میں کہا کہ وہ ہدایتکار کی ہدایات پر پوری دیانتداری سے عمل کرتی ہیں اور دل سے اداکاری کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر منظر میں ایک خاص کیفیت ہوتی ہے اور وہ ہر سین سے پہلے دعا بھی کرتی ہیں۔پروگرام کے دوران میزبان نے ماورا حسین کی آواز کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ان کی آواز کی کپکپاہٹ ناظرین کو متاثر کرتی ہے، جس پر اداکارہ نے کہا کہ وہ یہ سب جان بوجھ کر نہیں کرتیں بلکہ صرف دعا کرتی ہیں کہ یہ اثر برقرار رہے۔
جذبات ہی اصل طاقت، ماورا حسین کا اداکاری کا راز سامنے آگیا
2 گھنٹے قبل