ڈیجیٹل سہولتوں کے ثمرات، اکتوبر میں کمپنیوں کی ریکارڈ رجسٹریشن
اسلام آباد ( کامرس ڈیسک)پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے ڈیجیٹل سہولتوں کی فراہمی کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے، اکتوبر 2026ء کے دوران 5 ہزار سے زائد نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن ریکارڈ کی گئی۔سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق نئی رجسٹریشن کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 21 ہزار 794 ہوگئی ہے، جبکہ اکتوبر کے دوران 99.9 فیصد کمپنیوں کی رجسٹریشن آن لائن مکمل کی گئی۔رپورٹ کے مطابق نئی رجسٹرڈ کمپنیوں میں 55.4 فیصد پرائیویٹ لمیٹڈ جبکہ 41.6 فیصد سنگل ممبر کمپنیاں شامل ہیں۔علاقائی اعتبار سے پنجاب میں سب سے زیادہ 2663 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں، جبکہ اسلام آباد میں 934، سندھ میں 751 اور خیبرپختونخوا میں 382 کمپنیوں نے رجسٹریشن کروائی۔ایس ای سی پی کے اعداد و شمار کے مطابق شعبہ جاتی بنیاد پر سب سے زیادہ 991 کمپنیاں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں رجسٹرڈ ہوئیں، جبکہ تجارت کے شعبے میں 767 اور خدمات کے شعبے میں 594 نئی کمپنیوں نے کاروباری سرگرمیوں کا آغاز کرنے کے لیے اندراج کروایا۔