اباسین خبر

تیزاب گردی کا شکار ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے علاج کے لیے امریکا بھیجنے کا فیصلہ

تیزاب گردی کا شکار ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے علاج کے لیے امریکا بھیجنے کا فیصلہ

کوئٹہ ( اباسین خبر) تیزاب گردی کا شکار ہونے والی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے امریکا منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون خصوصی شاہد رند نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ڈاکٹر ماہ نور کے بیرون ملک علاج کے لیے تمام قانونی اور انتظامی تقاضے مکمل کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت ڈاکٹر ماہ نور کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں جہاں ان کا طبی معائنہ اور ابتدائی علاج جاری ہے۔ انہیں مزید ایک ہفتے تک طبی نگرانی میں رکھا جائے گا، جس کے بعد امریکا روانہ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ کوئٹہ کے سنڈیمن اسپتال کے جنرل سرجری یونٹ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر تیزاب پھینکا گیا تھا۔پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔واقعے میں ڈاکٹر ماہ نور کو بچانے کی کوشش کرنے والا وارڈ بوائے عبدالرزاق ترکئی بھی شدید جھلس گیا تھا، جو کوئٹہ میں زیر علاج رہا۔