اسلام آباد( اباسین خبر) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی نے اعلان کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کا مکمل سالانہ بجٹ 19 جون کو پیش کیا جائے گا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو مکمل بجٹ پیش کرنے کے لیے اجازت اور تعاون حاصل ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق بجٹ اجلاس میں صوبائی اسمبلی کے تمام اراکین کی شرکت متوقع ہے اور بجٹ کی منظوری کے لیے حکومت کو مکمل حمایت حاصل رہے گی۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ بجٹ سے قبل بانی تحریک انصاف عمران خان سے مشاورت کی جائے، تاہم اس ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا جس سے خیبرپختونخوا کے مفادات کو نقصان پہنچے، جبکہ بجٹ عوامی مفاد اور صوبے کی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کیا جائے گا۔