یونیورسٹی میں رقص کی ویڈیو وائرل، فیصل قریشی اور حریم فاروق پر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید
کراچی( شو بز ڈیسک)پاکستانی اداکار فیصل قریشی اور اداکارہ حریم فاروق یونیورسٹی میں رقص کرنے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر تنقید کی زد میں آگئے۔دونوں فنکار ان دنوں اپنی آنے والی پنجابی فلم ’’مینگو جٹ‘‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، جو ۱۶ اکتوبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔فلم کی تشہیری مہم کے دوران ایک یونیورسٹی میں فیصل قریشی اور حریم فاروق نے پنجابی گانے پر رقص کیا، جس کی ویڈیو انٹرنیٹ پر تیزی سے پھیل گئی۔ویڈیو سامنے آنے کے بعد متعدد صارفین نے فیصل قریشی کے رقص اور عمر کو تنقید کا موضوع بنایا، جبکہ بعض افراد نے تعلیمی ادارے میں اس نوعیت کی سرگرمی پر بھی اعتراض کیا۔ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فیصل قریشی کو اپنی عمر کے مطابق رویہ اختیار کرنا چاہیے، جبکہ دیگر صارفین نے بھی اس پرفارمنس کے حوالے سے مختلف آرا کا اظہار کیا۔