میاں بیوی اختلافات سوشل میڈیا پر اچھالنے کے بجائے بات چیت سے حل کریں، منیب بٹ

میاں بیوی اختلافات سوشل میڈیا پر اچھالنے کے بجائے بات چیت سے حل کریں، منیب بٹ

Oct 14, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( شو بز ڈیسک) پاکستان کے معروف اداکار منیب بٹ نے کہا ہے کہ میاں بیوی کو اپنے گھریلو اور ازدواجی مسائل سوشل میڈیا پر عام کرنے کے بجائے باہمی گفتگو سے حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔حال ہی میں ایک پروگرام میں بطور مہمان شرکت کے دوران اداکار نے مختلف موضوعات پر اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سوشل میڈیا پر ذاتی اختلافات کو منظر عام پر لانے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بھی تشویش ظاہر کی۔منیب بٹ کا کہنا تھا کہ آج کل کئی سماجی ذرائع ابلاغ سے وابستہ شخصیات اور دیگر جوڑے اپنے نجی اختلافات عوام کے سامنے لے آتے ہیں اور ایک دوسرے کے خلاف بیانات جاری کرتے ہیں، جو مناسب رویہ نہیں ہے۔انہوں نے زور دیا کہ میاں بیوی کو اپنے ازدواجی معاملات کو سوشل میڈیا پر زیر بحث لانے سے گریز کرنا چاہیے اور مسائل کا حل باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے تلاش کرنا چاہیے۔اداکار نے مزید کہا کہ اگر دونوں کے درمیان گفتگو سے معاملات حل نہ ہوں تو خاندان کے بزرگوں کی مدد لی جا سکتی ہے، تاکہ وہ صلح کرانے اور اختلافات ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔منیب بٹ نے ذاتی اور ازدواجی معاملات کو عوامی سطح پر اچھالنے کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے مسائل کو سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنانے کے بجائے نجی طور پر حل کرنے کو ترجیح دینی چاہیے۔