کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے خیبر پختونخوا میں احتیاطی ایڈوائزری جاری

1 دن قبل
کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے خیبر پختونخوا میں احتیاطی ایڈوائزری جاری

 پشاور( اباسین خبر)خیبر پختونخوا کے محکمہ لائیو اسٹاک نے کانگو وائرس سے تحفظ کے لیے عوام اور متعلقہ اداروں کو خصوصی ہدایات پر مشتمل ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔محکمہ کے حکام کے مطابق مویشی منڈیوں اور دیگر مقامات پر جانوروں کے ساتھ رابطے کے دوران سخت احتیاطی تدابیر اپنانا ضروری ہے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ایڈوائزری میں ہدایت کی گئی ہے کہ جانوروں کی خرید و فروخت، ان کی منتقلی اور ذبح کے عمل کے دوران حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ شہریوں کو کہا گیا ہے کہ وہ جانوروں کے قریب جاتے وقت دستانے، ماسک اور حفاظتی لباس کا استعمال لازمی کریں۔اس کے علاوہ مویشی منڈیوں میں باقاعدہ اسپرے، صفائی ستھرائی اور جراثیم کش اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔محکمہ لائیو اسٹاک نے فیلڈ عملے کو وائرس کی نگرانی سخت کرنے اور کسی بھی مشتبہ صورتحال کی فوری رپورٹنگ یقینی بنانے کی تاکید کی ہے۔ایڈوائزری میں قصائیوں اور مویشی کاروبار سے وابستہ افراد کو بھی حفظان صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ ان احتیاطی تدابیر پر عمل سے کانگو وائرس کے خطرات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔