کامن ویلتھ گیمز، قومی ایتھلیٹس کیمپ سے محروم، فائقہ ریاض کا شکوہ
لاہور( سپورٹس ڈیسک) کامن ویلتھ گیمز کے لیے قومی ایتھلیٹس تاحال تربیتی کیمپ سے محروم ہیں اور اپنی مدد آپ کے تحت انفرادی ٹریننگ کرنے پر مجبور ہیں۔اولمپئین فائقہ ریاض پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں اپنی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو ابھی تک یہ بھی معلوم نہیں کہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کون کون کرے گا، جبکہ ایونٹ میں چند دن باقی رہ گئے ہیں لیکن تاحال کوئی کیمپ قائم نہیں کیا گیا۔فائقہ ریاض کا کہنا تھا کہ کھلاڑی اپنی مدد آپ کے تحت تیاری کر رہے ہیں اور انہیں کسی قسم کی تربیتی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔ شدید گرم موسم میں روزانہ دور سے ٹریننگ کے لیے آنا پڑتا ہے، جس سے تیاریوں پر اثر پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نہ تو کھلاڑیوں کو کیمپ فراہم کیے گئے ہیں اور نہ ہی بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے مناسب مواقع مل رہے ہیں، تاہم ایسی صورتحال میں بھی کھلاڑی اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔اولمپئین فائقہ ریاض نے بتایا کہ کامن ویلتھ گیمز کے لیے ان کی تیاری نیشنل گیمز سے جاری ہے، جبکہ ایشین بیچ گیمز میں بھی ان کی انفرادی کارکردگی بہتر رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ وہ کامن ویلتھ گیمز میں 100 میٹر ریس میں اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کریں گی۔ فائقہ ریاض کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز کامن ویلتھ گیمز سے بڑا ایونٹ ہے اور انہیں امید ہے کہ اس میں بھی پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملے گا۔