چینی کمپنی کی پاکستان کے انفرا اسٹرکچر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی
اسلام آباد( کامرس ڈیسک)چینی کمپنی نے پاکستان کے انفرا اسٹرکچر شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے، جبکہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت سے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے مواقع تیزی سے فروغ پا رہے ہیں۔وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ سے شینڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ کے چیئرمین شو ژیانگ کی سربراہی میں آنے والے چینی وفد نے ملاقات کی۔ اس دوران دونوں فریقوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری، انفرا اسٹرکچر کی ترقی اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں شینڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ نے پاکستان کے ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور رابطہ کاری کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے بھرپور دلچسپی ظاہر کی۔ وفد نے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے اشتراک سے حیدرآباد میں جاری تیل و گیس منصوبے سمیت پاکستان میں جاری اپنی سرمایہ کاری سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر سرمایہ کاری نے پاکستان میں بہتر ہوتے کاروباری ماحول، نوجوان افرادی قوت اور انفرا اسٹرکچر کے شعبے میں موجود وسیع سرمایہ کاری مواقع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے چینی وفد کو یقین دلایا کہ ایس آئی ایف سی اور بورڈ آف انویسٹمنٹ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور مکمل ادارہ جاتی معاونت فراہم کریں گے۔حکام کے مطابق ایس آئی ایف سی کی مؤثر سہولت کاری کے باعث پاکستان میں انفرا اسٹرکچر سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور پاکستان و چین کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں اہم پیش رفت ہو رہی ہے۔