اباسین خبر

لبنان میں اسرائیلی حملوں سے امریکا ایران جنگ بندی معاہدہ خطرے میں پڑ گیا

لبنان میں اسرائیلی حملوں سے امریکا ایران جنگ بندی معاہدہ خطرے میں پڑ گیا

واشنگٹن / تہران( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کو لبنان میں جاری اسرائیلی حملوں کے باعث شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں، جس کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو کو قابو میں رکھنے کے مطالبات بھی بڑھنے لگے ہیں۔الجزیرہ کی ایک خصوصی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر اسرائیل نے لبنان میں فوجی کارروائیاں بند نہ کیں تو پورا سفارتی عمل متاثر ہو سکتا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ معاہدے میں لبنان سمیت تمام محاذوں پر فوجی کارروائیوں کے خاتمے کی شق شامل ہے، تاہم اسرائیل کی جانب سے حملے جاری ہیں اور مزید علاقوں پر پیش قدمی کے اشارے بھی دیے جا رہے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ میں مکمل جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ امن عمل کو آگے بڑھنے دیا جانا چاہیے۔دوسری جانب ایران نے واضح مؤقف اختیار کیا ہے کہ جب تک لبنان پر حملے بند نہیں ہوتے، معاہدے کو حتمی شکل نہیں دی جا سکتی۔