طلاق کے بعد سابق شوہر میں مثبت تبدیلی آئی، بشریٰ انصاری
کراچی( شوبز ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ طلاق کے بعد ان کے سابق شوہر اقبال انصاری میں نمایاں مثبت تبدیلی آئی ہے اور اب وہ ایک اچھے والد اور نانا کے طور پر اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہے ہیں۔ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے اپنی پہلی شادی اور طلاق سے متعلق کھل کر اظہارِ خیال کیا۔انہوں نے بتایا کہ شادی کے دوران گھر کی ذمہ داریاں، بچوں کی پرورش اور شوبز کی مصروف زندگی کا زیادہ تر بوجھ انہی کے کندھوں پر تھا، جبکہ انہیں اس عرصے میں اپنے سابق شوہر کی جانب سے خاطر خواہ تعاون حاصل نہیں تھا۔بشریٰ انصاری کے مطابق وہ دن رات محنت کرکے نہ صرف اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کو آگے بڑھاتی رہیں بلکہ گھر اور بچوں کی دیکھ بھال بھی اکیلے ہی انجام دیتی رہیں۔اداکارہ نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ان کے سابق شوہر میں مثبت تبدیلی آئی اور اب وہ اپنی اولاد اور نواسے نواسیوں کے ساتھ ایک ذمہ دار والد اور نانا کا کردار ادا کر رہے ہیں۔