بال ٹیمپرنگ اسکینڈل، آسٹریلوی کھلاڑی سینڈ پیپر کے استعمال سے آگاہ تھے
سڈنی (سپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر چیڈ سئیر نے 2018 کے دورہ جنوبی افریقا کے دوران پیش آنے والے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق انکشاف کیا ہے کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی سینڈ پیپر کے استعمال سے واقف تھے اور ڈریسنگ روم میں بھی اس بارے میں گفتگو ہوتی تھی۔چیڈ سئیر 2018 میں جنوبی افریقا کے دورے پر آسٹریلوی اسکواڈ کا حصہ تھے، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر کا واحد ٹیسٹ میچ بھی کھیلا تھا۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوران تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں یہ تسلیم کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں کہ وہ اور ان کے ساتھی کھلاڑی اس معاملے سے باخبر تھے۔سابق فاسٹ بولر کے مطابق 2 ٹیسٹ میچز میں سینڈ پیپر استعمال کیا گیا اور اس موضوع پر ٹیم کے ڈریسنگ روم میں بھی بات چیت ہوتی رہی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی کی حمایت یا مخالفت نہیں کر رہے بلکہ ماضی میں پیش آنے والے واقعات بیان کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کیپ ٹاؤن میں اسکینڈل سامنے آنے کے بعد تقریباً ایک سے ڈیڑھ گھنٹے تک کھلاڑیوں کے درمیان اس بات پر گفتگو ہوئی کہ اب کیا کرنا چاہیے۔ تاہم اس وقت انہیں اندازہ نہیں تھا کہ آسٹریلیا میں اس معاملے کو کس قدر سنگین تصور کیا جائے گا۔چیڈ سئیر نے دعویٰ کیا کہ سینڈ پیپر استعمال کرنے کا منصوبہ ٹیم کے علم میں تھا۔ ابتدا میں یہ ڈیوڈ وارنر کے حوالے کیا گیا، جس کے بعد بین کرافٹ کو دے دیا گیا۔ ان کے مطابق ایک مرتبہ فیلڈنگ کے دوران پانی کے وقفے سے واپسی پر انہیں بھی سینڈ پیپر دیا گیا تاکہ وہ اسے اپنے ساتھ لے جائیں۔انہوں نے کہا کہ وہ بال ٹیمپرنگ کی تحقیقات میں شامل نہیں تھے، تاہم ٹیم میں ہونے والی سرگرمیوں سے کھلاڑی بے خبر نہیں تھے۔واضح رہے کہ سابق آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ نے بھی اپنی کتاب ’’صبر‘‘ میں انکشاف کیا تھا کہ 2018 کے بال ٹیمپرنگ واقعے سے ٹیم کے بیشتر کھلاڑی آگاہ تھے۔ فاسٹ بولرز پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک نے ان کے دعوے کو مسترد کیا تھا، جبکہ ڈیوڈ وارنر نے خواجہ کے بیان کی تائید کی تھی۔یاد رہے کہ مارچ 2018 میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران بال ٹیمپرنگ کا معاملہ سامنے آیا تھا، جس کے بعد اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور بین کرافٹ کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔