بحرین کا ایرانی فضائی حملے ناکام بنانے کا دعویٰ، شہریوں کو محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت
منامہ (مانیٹرنگ ڈیسک) بحرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کی جانب سے کیے گئے فضائی حملوں کو ناکام بنا دیا ہے۔ یہ اعلان ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے بحرین میں امریکی فوج کے زیر استعمال ریڈار نظام کو ڈرون حملے میں نشانہ بنانے کے دعوے کے بعد سامنے آیا ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بحرینی حکام نے حملے روکنے کی تصدیق تو کی، تاہم یہ نہیں بتایا کہ کتنے حملے کیے گئے، انہیں کہاں روکا گیا اور اس دوران کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان ہوا یا نہیں۔اس سے قبل ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے ڈرونز نے بحرین کے شیخ عیسیٰ فضائی اڈے پر امریکی فوج کے زیر استعمال ریڈار نظام کو نشانہ بنایا۔ ایرانی فورسز کے مطابق یہ کارروائی امریکی فوجی ڈرونز کی جانب سے ایرانی فضائی حدود کی مسلسل خلاف ورزیوں کے ردعمل میں کی گئی۔بحرین نے اس سے پہلے ایک نامعلوم خطرے سے خبردار کرتے ہوئے شہریوں اور ملک میں مقیم افراد کو قریبی محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت بھی جاری کی تھی۔ تاہم حکام نے خطرے کی نوعیت اور ممکنہ ہدف کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی تھیں۔ایرانی حملے اور بحرین کی جانب سے انہیں ناکام بنانے کے دعوے کے بعد خلیجی خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، تاہم ان واقعات سے متعلق تمام دعوؤں کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔