طلبہ پر تشدد کی مذمت، اریجیت سنگھ دہلی پولیس پر برس پڑے

طلبہ پر تشدد کی مذمت، اریجیت سنگھ دہلی پولیس پر برس پڑے

Jul 23, 2026|ویب ڈیسک

ممبئی( شوبز ڈیسک) معروف بھارتی گلوکار اریجیت سنگھ نے جنتر منتر پر احتجاج کرنے والے طلبہ کے خلاف دہلی پولیس کی کارروائی اور مبینہ لاٹھی چارج کی شدید مذمت کی ہے۔اریجیت سنگھ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر متعدد پیغامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے خلاف طاقت کا استعمال کسی صورت درست نہیں۔ انہوں نے لکھا کہ وہ ایسی ویڈیوز دیکھ رہے ہیں جن میں یونیفارم میں ملبوس اہلکار غنڈوں جیسا رویہ اختیار کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ایک اور پوسٹ میں گلوکار نے کہا، "اب تو طلبہ کو بھی مارا جا رہا ہے۔ ہیلو رہنماؤ، ہیلو دہلی پولیس! کیا آپ لوگوں کو شرم نہیں آتی؟ یہ کیا ہو رہا ہے؟ کیا آپ نے خود کو خدا سمجھ لیا ہے؟ ہر چیز یاد رکھی جائے گی۔"بعد ازاں ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ اریجیت سنگھ نے اپنے بیانات سے اپنا احترام کھو دیا ہے، جس پر گلوکار نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کی کوئی پرواہ نہیں کہ کون ان کی عزت کرتا ہے یا نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر شخص کو اپنی رائے رکھنے کا حق حاصل ہے، اور ان کا مداح ہونا کسی کو اس بات کا حق نہیں دیتا کہ وہ صرف خوشامدانہ یا میٹھی باتیں ہی سننے کی توقع رکھے۔