فاکلینڈز بینر تنازع، ارجنٹائنی فٹبالرز کے ورک ویزوں پر سوالات
لندن( سپورٹس ڈیسک) ارجنٹائن کے تین فٹبالرز لیساندرو مارٹینیز، کرسٹیان رومیرو اور اینزو فرنانڈیز کو فاکلینڈز (مالویناس) سے متعلق متنازع بینر اٹھانے کے بعد برطانیہ میں اپنے ورک ویزوں کے حوالے سے دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کے خلاف ورلڈ کپ سیمی فائنل میں کامیابی کے بعد ارجنٹائن کے کھلاڑیوں نے "فاکلینڈ جزائر ارجنٹائن کے ہیں" تحریر والا بینر اٹھایا، جس پر برطانیہ میں شدید ردعمل سامنے آیا۔رپورٹس کے مطابق متعدد برطانوی سیاست دانوں نے فیفا سے مطالبہ کیا ہے کہ کھیل میں سیاسی پیغام شامل کرنے پر ارجنٹائن کے خلاف کارروائی کی جائے۔فیفا نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کرنے کی تصدیق کی ہے، تاہم اب تک کسی بھی کھلاڑی یا ٹیم کے خلاف باضابطہ پابندی عائد نہیں کی گئی۔سابق برطانوی وزیراعظم مارگریٹ تھیچر کے سابق معاون نائل گارڈینر نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ اس بینر میں شریک پریمیئر لیگ میں کھیلنے والے تمام ارجنٹائنی فٹبالرز کے برطانوی ورک ویزے منسوخ کیے جائیں۔اس معاملے پر بعض برطانوی شائقین نے بھی اسی نوعیت کے مطالبات کیے ہیں، تاہم برطانوی حکومت کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ فیصلہ یا اعلان سامنے نہیں آیا۔