شہرت ہمیشہ برقرار نہیں رہتی، انو کپور کا شاہ رخ خان سے اختلاف
ممبئی( شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کے سینئر اداکار انو کپور نے شاہ رخ خان کے خود کو فلم انڈسٹری کا آخری سپر اسٹار قرار دینے والے بیان سے اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہرت اور مقبولیت ہمیشہ ایک جیسی نہیں رہتیں۔ایک حالیہ انٹرویو میں انو کپور نے شاہ رخ خان کا نام لیے بغیر ان کا موازنہ امیتابھ بچن سے کیا اور کہا کہ کسی بھی اداکار کے لیے کئی دہائیوں تک اپنی مقبولیت برقرار رکھنا سب سے بڑا امتحان ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس اداکار کی بات کی جا رہی ہے، اس نے 1992 کے آس پاس اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا، یعنی اسے تقریباً 34 سال ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امیتابھ بچن کے 53 سالہ کیریئر میں سے یہ 34 سال بھی نکال دیے جائیں تو بھی ان کے پاس 19 سال کا طویل سفر باقی رہتا ہے۔انو کپور نے سوال اٹھایا کہ کیا متعلقہ اداکار آئندہ 19 برس بعد، یعنی 2045 میں بھی اسی طرح مقبول اور بااثر ہوگا؟ ان کے بقول، ان کے خیال میں ایسا ممکن نہیں ہوگا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی فنکار کی اصل کامیابی صرف شہرت حاصل کرنا نہیں بلکہ طویل عرصے تک اپنی اہمیت اور مقبولیت برقرار رکھنا ہوتی ہے۔