انعم حسین کی سجل علی کے ساتھ دوبارہ کام کی دعا قبول ہوگئی
لاہور( شوبز ڈیسک)پاکستان کی ابھرتی ہوئی اداکارہ انعم حسین نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے فنی سفر کا پہلا منصوبہ سجل علی کے ساتھ تھا اور اسی دوران انہوں نے دوبارہ ان کے ساتھ کام کرنے کی دعا بھی کی تھی۔حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران انعم حسین نے بتایا کہ ان کا پہلا منصوبہ ’میں منٹو نہیں ہوں‘ تھا، جس میں ان کا مختصر کردار تھا۔ انہوں نے کہا کہ سجل علی کے ساتھ کام کرکے انہیں بہت اچھا لگا اور شوٹنگ کے اختتام پر انہوں نے دعا کی کہ انہیں دوبارہ سجل کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے۔انعم حسین کے مطابق انہوں نے دعا کی تھی کہ انہیں دوبارہ سجل علی کے ساتھ کام کرنے کا موقع نصیب ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات دعا کی قبولیت کا وقت آتا ہے اور ان کی یہ دعا بھی قبول ہوگئی، جس کے نتیجے میں انہیں دوبارہ سجل علی کے ساتھ پردے پر کام کرنے کا موقع ملا۔اداکارہ نے بتایا کہ سجل علی نے انہیں کہا تھا کہ جب ہم سیٹ پر موجود ہوتے ہیں تو کوئی سینئر یا جونیئر فنکار نہیں ہوتا بلکہ سب برابر ہوتے ہیں۔انعم حسین نے سجل علی کی ایک اور خوبی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عموماً جب کسی فنکار کا منظر فلمایا جارہا ہو تو فریم میں شامل نہ ہونے والے اداکار وہاں سے چلے جاتے ہیں، تاہم سجل علی وہیں موجود رہتی تھیں اور اپنی سطریں دہراتی تھیں تاکہ دوسرے فنکار اپنی لائنیں بہتر انداز میں ادا کرسکیں اور منظر زیادہ اچھا عکس بند ہو۔