فرانسیسی ٹیم پر تبصرہ، امیتابھ بچن شدید تنقید کی زد میں
ممبئی( شو بز ڈیسک)فیفا ورلڈکپ 2026 کے دوران فرانس کی فٹبال ٹیم سے متعلق ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر بالی ووڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن کو شدید عوامی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانسیسی کھلاڑیوں کی نسل اور رنگت سے متعلق کیے گئے تبصرے کے بعد امیتابھ بچن کی پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردعمل کا اظہار کیا، جبکہ اس معاملے نے عالمی سطح پر بھی توجہ حاصل کی۔سوشل میڈیا پر بڑھتی ہوئی تنقید کے بعد امیتابھ بچن نے بھی خاموشی توڑتے ہوئے بالواسطہ طور پر اپنی غلطی کا اعتراف کیا، جس کے بعد اس معاملے پر بحث مزید تیز ہوگئی۔فرانس کی ٹیم کی پیراگوئے کے خلاف کامیابی کے بعد امیتابھ بچن نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں فرانسیسی ٹیم کی نسلی ساخت پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ٹیم کے 11 کھلاڑیوں میں سے ایک سفید فام جبکہ 10 سیاہ فام ہیں، اور آخر میں "بلیک پاور" کے الفاظ بھی تحریر کیے۔اس پوسٹ کے بعد متعدد صارفین نے اسے نسلی حوالے سے غیر مناسب قرار دیتے ہوئے اداکار کو تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ کئی حلقوں نے ذمہ دارانہ طرزِ گفتگو اختیار کرنے پر زور دیا۔