لاہور( شوبز ڈیسک)پاکستان کے معروف گلوکار، اداکار اور موسیقار علی ظفر نے اپنے چھوٹے بھائی گلوکار و اداکار دانیال ظفر کی کامیابیوں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک انتہائی باصلاحیت فنکار قرار دیا ہے۔دانیال ظفر ان دنوں اپنے ڈرامے میں اداکاری کے باعث ناظرین کی توجہ حاصل کر رہے ہیں اور تیزی سے مداحوں میں مقبولیت حاصل کر رہے ہیں۔علی ظفر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بھائی کے حوالے سے جذباتی پیغام میں کہا کہ وہ دانیال کی صلاحیتوں سے بہت پہلے سے واقف ہیں، کیونکہ وہ کم عمری سے ہی موسیقی میں گہری دلچسپی رکھتے تھے اور نوعمری میں مشہور راک بینڈ کے گانے بھی گایا کرتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ دانیال نے کئی ایسے میوزک پراجیکٹس بھی تیار کیے جو ابھی تک ریلیز نہیں ہوئے، اور وہ ہمیشہ ان کی تخلیقی صلاحیتوں سے متاثر رہے ہیں۔علی ظفر کے مطابق دانیال آج اپنی پُرسکون، جذباتی اور متوازن اداکاری کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں، جس پر انہیں بے حد فخر ہے۔اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے بھی مختلف دلچسپ ردِعمل سامنے آئے، جبکہ دانیال ظفر نے بھی اپنے بڑے بھائی کی تعریف پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علی ظفر وہ پہلی شخصیت ہیں جنہوں نے ان کی صلاحیتوں کو پہچانا اور ہمیشہ حوصلہ افزائی کی۔
علی ظفر کا بھائی دانیال ظفر کی تعریف میں جذباتی پیغام، باصلاحیت فنکار قرار دے دیا
واپس خبروں پر
Category:
تفریح