اکشے کمار کے گھر امیتابھ بچن سے دلچسپ واقعہ پیش آگیا
ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی وڈ اداکار اکشے کمار نے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن سے متعلق ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے گھر کے ایک ملازم نے اداکار سے متاثر ہو کر پانی کے کئی گلاس غلطی سے ان کے کُرتے پر گرا دیے تھے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اکشے کمار نے یہ واقعہ پروگرام ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کے 18ویں سیزن میں سنایا، جہاں وہ اداکار سیف علی خان اور ہدایتکار پریا درشن کے ہمراہ اپنی فلم کی تشہیر کے لیے شریک ہوئے تھے۔58 سالہ اکشے کمار نے بتایا کہ جب وہ ممبئی کے علاقے لوکھنڈ والا میں رہائش پذیر تھے تو ایک مرتبہ امیتابھ بچن ان کے گھر آئے۔ ان کے گھر میں کام کرنے والا ایک ملازم امیتابھ بچن کا بہت بڑا مداح تھا، جس کی وجہ سے وہ انہیں اپنے سامنے دیکھ کر اس قدر گھبرا گیا کہ پانی کا گلاس سنبھالتے ہوئے اسے کچھ سمجھ نہیں آیا۔اکشے کمار کے مطابق وہاں پانی کے تین یا چار گلاس رکھے تھے، تاہم ملازم نے گھبراہٹ میں تمام گلاس امیتابھ بچن کے کُرتے پر گرا دیے۔اداکار نے بتایا کہ اس موقع پر وہ سوچنے لگے کہ اب کیا ہوگا، تاہم واقعہ سناتے ہوئے امیتابھ بچن سمیت پروگرام میں موجود تمام افراد بے اختیار ہنس پڑے۔