یومِ فضائیہ، سرفراز بگٹی کا شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت
کوئٹہ( اباسین خبر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یومِ فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے شاہینوں، شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملکی دفاع کے لیے پاک فضائیہ کے اہلکاروں نے بہادری، حوصلے اور قربانی کی ایسی مثالیں قائم کیں جو قومی تاریخ کا ناقابلِ فراموش حصہ ہیں۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ راشد منہاس شہید سمیت پاک فضائیہ کے بہادر جوانوں نے دفاعِ وطن کی خاطر اپنی جانیں قربان کرکے تاریخ میں سنہری باب رقم کیا۔ شہداء اور غازیوں کی خدمات، قربانیاں اور شجاعت پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور ان کی یاد ہمیشہ زندہ رہے گی۔انہوں نے کہا کہ یومِ فضائیہ ان جانباز سپوتوں کی قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے جنہوں نے پاکستان کی فضائی حدود کی حفاظت اپنی ذمہ داری، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ انجام دی۔ پاک فضائیہ نے ہر مشکل مرحلے میں اپنی قابلیت اور ملکی دفاع سے وابستگی کا ثبوت دیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے مئی 2025 کے معرکۂ حق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر پاک فضائیہ نے غیر معمولی پیشہ ورانہ قابلیت اور جدید جنگی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اس شاندار کارکردگی سے دشمن کے عزائم ناکام ہوئے اور پاکستان کے دفاعی عزم کو مزید تقویت ملی۔میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ مئی 2025 کی کارکردگی پاک فضائیہ کی مہارت، جرأت اور ملکی دفاع کے پختہ عزم کی واضح مثال ہے۔ شاہینوں نے ایک مرتبہ پھر ثابت کیا کہ پاکستان کی فضائی حدود کا دفاع مضبوط اور قابلِ اعتماد ہاتھوں میں ہے۔