آغا علی ڈرامہ کی عکسبندی کے دوران زخمی ہو گئے

7 گھنٹے قبل
آغا علی ڈرامہ کی عکسبندی کے دوران زخمی ہو گئے

لاہور( شوبز ڈیسک)معروف پاکستانی اداکار آغا علی ڈرامہ کی عکسبندی کے دوران زخمی ہو گئے تاہم انہوں نے اس واقعے کو اپنے پیشے کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے کام جاری رکھا۔اداکار نے سماجی رابطوں کی ویب گاہ پر اپنے پیغام میں بتایا کہ ایک عملی منظر کی تیاری کے دوران بارہا مشق کے باوجود ساتھی اداکار کا جوتا ان کے ہاتھ پر آ لگا جس سے انہیں چوٹیں اور زخم آئے۔آغا علی کے مطابق شدید تکلیف کے باوجود انہوں نے پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عکسبندی کا عمل نہ روکا اور سنگھار کے ذریعے زخم چھپا کر رات چار بجے تک کام مکمل کیا۔انہوں نے اس تجربے کو مداحوں کے لیے حوصلہ افزا پیغام بناتے ہوئے کہا کہ کامیابی کی راہ میں مشکلات آتی رہتی ہیں مگر ثابت قدمی ضروری ہے۔اداکار نے امید ظاہر کی کہ شائقین کو ان کا کام ضرور پسند آئے گا۔ واضح رہے کہ آغا علی ڈرامہ دنیا میں اپنی جاندار اداکاری کے باعث منفرد پہچان رکھتے ہیں اور دو ہزار پانچ میں اپنے فنی سفر کا آغاز کرنے کے بعد متعدد مقبول ڈراموں میں نمایاں کردار ادا کر چکے ہیں، جبکہ وہ گلوکاری اور نغمہ نگاری میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔