دنیا فتح کرنے کے بعد ترک ڈراموں کی نظریں اب چین پر

دنیا فتح کرنے کے بعد ترک ڈراموں کی نظریں اب چین پر

Sep 9, 2026|ویب ڈیسک

 انقرہ( شوبز ڈیسک)ترک ڈرامے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کرنے کے بعد اب چین کی بڑی مارکیٹ تک رسائی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ گزشتہ تقریباً دو دہائیوں کے دوران محبت، دھوکے، خاندانی تعلقات اور اقتدار کے موضوعات پر مبنی ترک کہانیاں مشرق وسطیٰ، لاطینی امریکا، یورپ اور ایشیا سمیت دنیا کے تقریباً 140 ممالک تک پہنچ چکی ہیں۔ترکیہ کی ٹیلی ویژن صنعت اب ایک بڑی عالمی ثقافتی برآمد بن چکی ہے، جس کی مالیت ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق ترک ڈراموں نے عالمی ناظرین کو ترکیہ کے کھانوں، لباس، زبان اور روزمرہ زندگی کے طور طریقوں سے متعارف کرانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ ڈراموں کی مقبولیت کے باعث ترکیہ کو سیاحتی مقام کے طور پر دیکھنے میں بھی لوگوں کی دلچسپی بڑھی ہے۔ترکیہ کی وزارت ثقافت و سیاحت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ اس صنعت کا ثقافتی اثر اس کی نمایاں کامیابیوں میں شامل ہے۔ ان کے مطابق ترک ڈرامے دراصل ترکیہ آنے کی دعوت کا کردار بھی ادا کرتے ہیں، کیونکہ ڈراما دیکھنے کے بعد بہت سے ناظرین کے دل میں ترکیہ کا سفر کرنے کی خواہش پیدا ہوتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک ناظرین پر کی گئی تحقیقات سے بھی اس رجحان کی تصدیق ہوئی ہے۔ تحقیق کے مطابق ترک ڈراموں نے ترک ثقافت اور زبان میں دلچسپی بڑھانے کے ساتھ ساتھ ترکیہ کی سیاحت میں بھی لوگوں کی رغبت پیدا کی ہے۔ترک عہدیدار کا کہنا تھا کہ ترک ڈراما اب عالمی شناخت بن چکا ہے۔ ان کے مطابق جس طرح انگریزی یا امریکی ڈرامے کی الگ اصطلاح عام نہیں، اسی طرح دنیا بھر میں ٹیلی ویژن سیریز کے لیے ’’ترک ڈراما‘‘ کی اصطلاح کا معروف ہونا خود ایک بڑی کامیابی ہے۔