بیٹی کی گریجویشن پر عدنان صدیقی کا جذباتی پیغام
کراچی( شوبز ڈیسک) معروف اداکار عدنان صدیقی نے اپنی صاحبزادی مریم کی گریجویشن پر خوشی اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے والدین کو بچوں کی تعلیم کے ساتھ ان کی بہترین تربیت اور کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دینے کا مشورہ دیا ہے۔سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے اپنے پیغام میں عدنان صدیقی نے بیٹی کو گریجویشن کی مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ ان کی سب سے بڑی کامیابی صرف ڈگری نہیں بلکہ ان کی اعلیٰ شخصیت اور مضبوط اقدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اپنی بیٹی پر بے حد فخر ہے اور اس کی کامیابی ان کے لیے ایک یادگار لمحہ ہے۔اداکار نے لکھا کہ اولاد کو گریجویشن کرتے دیکھنا والدین کے لیے ان نعمتوں میں سے ہے جو دل کو شکر ادا کرنے پر مجبور کر دیتی ہیں۔ ان کے مطابق یہ وہ لمحات ہوتے ہیں جو برسوں کی محنت، قربانیوں اور رہنمائی کا صلہ محسوس کراتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ والدین اپنی اولاد کی تعلیم اور تربیت کے لیے مسلسل جدوجہد کرتے ہیں اور اکثر یہ سوچتے رہتے ہیں کہ آیا وہ اپنی ذمہ داریاں درست انداز میں نبھا رہے ہیں یا نہیں، لیکن ایسے مواقع اس بات کا اطمینان دیتے ہیں کہ اخلاق، نظم و ضبط اور ثابت قدمی کی دی گئی تعلیم رائیگاں نہیں گئی۔عدنان صدیقی نے والدین کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف بچوں کی تعلیم پر ہی سرمایہ کاری نہ کریں بلکہ ان کے کردار کی تعمیر پر بھی بھرپور توجہ دیں، کیونکہ ڈگریاں مواقع فراہم کرتی ہیں، جبکہ عاجزی، ہمدردی اور دیانت داری انسان کی حقیقی کامیابی کا تعین کرتی ہیں۔اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے اپنی بیٹی کے روشن مستقبل کے لیے دعا کی اور خود کو ایک خوش نصیب اور فخر محسوس کرنے والا والد قرار دیا۔عدنان صدیقی کی اس پوسٹ کو سوشل میڈیا صارفین اور شوبز شخصیات کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، جبکہ متعدد افراد نے ان کے پیغام کو والدین کے لیے ایک مثبت اور سبق آموز نصیحت قرار دیا۔