کراچی( شوبز ڈیسک)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ مامیا شاہ جعفر نے اپنی زندگی کے ایک مشکل مرحلے سے پردہ اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک سنگین بیماری کا شکار رہی ہیں، جس کے باعث انہیں طویل عرصے تک علاج کروانا پڑا اور ان کی پیشہ ورانہ سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں۔ایک نجی ٹی وی چینل کی عید اسپیشل نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے اپنی فلم “لوو دی سوں” کی تیاری اور شوٹنگ کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس فلم کی تکمیل میں تقریباً تین سال لگ گئے کیونکہ وہ ایک طرف مختلف منصوبوں میں مصروف تھیں جبکہ دوسری جانب صحت کے مسائل نے بھی ان کے کام کی رفتار کو متاثر کیا۔اداکارہ کے مطابق اس دوران وہ شدید علیل ہوگئی تھیں اور انہیں باقاعدہ طبی علاج سے گزرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں ایسی ادویات دی گئیں جو کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی دواؤں سے ملتی جلتی تھیں، جس کے باعث یہ وقت ان کے لیے جسمانی اور ذہنی طور پر انتہائی مشکل ثابت ہوا۔انہوں نے مزید بتایا کہ مکمل صحت یابی میں تقریباً آٹھ ماہ کا عرصہ لگا، جس دوران ڈاکٹروں کی ہدایات اور مسلسل علاج ان کی روزمرہ زندگی کا اہم حصہ رہا۔ مامیا شاہ جعفر نے کہا کہ اب وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں اور دوبارہ اپنے کاموں میں سرگرم ہو چکی ہیں۔اداکارہ نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے امراض میں بروقت اور مناسب علاج نہایت ضروری ہوتا ہے اور صحت کے مسائل کو نظر انداز کرنے کے بجائے فوری طبی مدد حاصل کرنا ہی بہتر فیصلہ ہے۔ان کے اس انکشاف کے بعد مداحوں نے ان کی ہمت اور حوصلے کو سراہتے ہوئے ان کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، جبکہ شوبز حلقوں میں بھی ان کی مکمل صحت یابی اور واپسی کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔
سنگین بیماری اور طویل علاج کا مشکل دورسے گزری ہوں،اداکارہ مامیا شاہ جعفر کا انکشاف
2 گھنٹے قبل