عاکف جاوید فٹ، قومی ٹیم میں جلد واپسی کیلئے پُرامید
لاہور ( سپورٹس ڈیسک)25 سالہ فاسٹ بولر عاکف جاوید نے کہا ہے کہ فٹنس پر بھرپور توجہ کے بعد اب وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور جلد قومی ٹیم میں واپسی کے لیے پُرامید ہیں۔عاکف جاوید نے 2025 کے دورۂ نیوزی لینڈ میں ایک روزہ کرکٹ سے بین الاقوامی سفر شروع کیا اور تین میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی، تاہم فٹنس مسائل کے باعث ٹیم سے باہر ہوگئے تھے۔ اب وہ لاہور میں جاری قومی کرکٹ اکیڈمی کے بولرز ترقیاتی کیمپ میں تربیت حاصل کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ باقاعدہ ورزش، مناسب غذا اور فٹنس پر توجہ سے رفتار برقرار رکھنے کے ساتھ اسے بہتر بھی کیا جاسکتا ہے۔ کیمپ میں بین الاقوامی کرکٹ کی ضروریات کے مطابق تیاری کے علاوہ وہ اپنی گیند کی لائن اور لینتھ بہتر بنانے پر بھی کام کررہے ہیں۔عاکف جاوید نے کہا کہ ایشین گیمز کے لیے بھی ان کا نام پاکستانی اسکواڈ میں شامل ہے اور وہ مکمل فٹ ہونے کے باعث قومی ٹیم میں واپسی کے لیے پُراعتماد ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ دور میں فاسٹ بولرز کو خاص طور پر محدود اوورز کی کرکٹ میں مختلف انداز کی گیند بازی پر مسلسل محنت کرنا پڑتی ہے۔