دھمکیوں کے بعد عامر خان نے تیسری اہلیہ کے مذہب پر خاموشی توڑ دی
ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان نے جان سے مارنے کی دھمکیوں اور حالیہ تنازع کے بعد اپنی تیسری اہلیہ کے مذہب سے متعلق وضاحت پیش کی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مہاراشٹرا حکومت کے ایک وزیر نتیش رانے نے عامر خان کی شادیوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں "لو جہاد کا برانڈ ایمبیسیڈر" قرار دیا تھا۔اس بیان کے بعد ایودھیا سے تعلق رکھنے والے ہندو مذہبی رہنما جگد گرو پرمہنس آچاریہ نے بھی وزیر کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ عامر خان کی ہندو خواتین سے شادیاں مبینہ طور پر "لو جہاد" کو فروغ دینے کے لیے کی گئیں۔رپورٹس کے مطابق اسی رہنما نے عامر خان کو قتل کرنے والے شخص کے لیے 5 کروڑ بھارتی روپے انعام دینے کا اعلان بھی کیا، جبکہ یہ دعویٰ بھی کیا کہ وہ ایسے شخص کے قانونی اخراجات برداشت کریں گے۔دوسری جانب عامر خان نے ان الزامات اور دھمکیوں کے بعد اپنی تیسری اہلیہ کے مذہب سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کیا۔ تاہم اس معاملے پر مختلف حلقوں میں بحث کا سلسلہ جاری ہے۔