50سالہ مرد جین زی کردار ادا کر رہے ہیں، خواتین اداکاراؤں کے ساتھ امتیاز ہوتا ہے: امر خان

57 منٹ قبل
50سالہ مرد جین زی کردار ادا کر رہے ہیں، خواتین اداکاراؤں کے ساتھ امتیاز ہوتا ہے: امر خان


کراچی( شو بز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ امر خان نے کہا ہے کہ ہمارے ڈراموں میں 40 اور 50 سال کے مرد بھی جین زی (Gen Z) نوجوان کردار ادا کرتے نظر آتے ہیں، لیکن اس پر کوئی سوال نہیں اٹھاتا، جبکہ خواتین اداکاراؤں کے ساتھ عمر کی بنیاد پر امتیازی سلوک کیا جاتا ہے۔ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے امر خان نے کہا کہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں خواتین کے لیے مضبوط اور مرکزی کردار محدود ہوتے جا رہے ہیں، اور چند سال کام کے بعد انہیں عمر رسیدہ کرداروں تک محدود کر دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس مرد اداکار بڑی عمر میں بھی نوجوان کرداروں میں نظر آتے ہیں، جس پر انڈسٹری میں کوئی خاص بحث نہیں ہوتی۔اداکارہ نے ہالی ووڈ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میریل اسٹریپ اور این ہیتھ وے جیسی اداکارائیں اپنی مختلف عمروں میں بھی اہم کردار ادا کرتی رہتی ہیں، جبکہ مقامی انڈسٹری میں ایسا رجحان کم نظر آتا ہے۔واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں اس موضوع پر بحث اس وقت شدت اختیار کر گئی جب اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے اداکار فہد مصطفیٰ سے ان کی ہم عمر اداکاراؤں کے ساتھ کام کرنے سے متعلق بات کی، جس کے بعد شوبز حلقوں میں یہ موضوع مزید زیر بحث آ گیا۔