جنوبی وزیرستان میں 48 گھنٹے کا کرفیو نافذ
پشاور( اباسین خبر) تحصیل سرویکئی کے سب ڈویژن سرویکئی میں سیکیورٹی صورتحال کے باعث 48 گھنٹے کے لیے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق کرفیو 7 ستمبر صبح 6 بجے سے 9 ستمبر صبح 6 بجے تک جاری رہے گا۔ اس دوران تمام بازار بند رہیں گے اور ہر قسم کی آمدورفت، نقل و حرکت اور ٹریفک پر پابندی ہوگی۔کرفیو کے دوران چگملائی، سپلاتوئی، شاہور، مولے خان سرائے اور مادی جان سمیت مختلف علاقوں میں آمدورفت معطل رہے گی۔ سرویکئی، مولے خان سرائے، رغزئی، برواند اور سپینکئی کے راستے بھی بند رہیں گے۔انتظامیہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں، ایمبولینس، فائر بریگیڈ اور دیگر ہنگامی خدمات کو کرفیو سے استثنیٰ دیا ہے۔ہنگامی صورت حال میں پولیس یا سیکیورٹی فورسز کی اجازت سے سفر کیا جاسکے گا، تاہم مسافروں کے لیے شناختی کارڈ اور گاڑی کے ضروری کاغذات ساتھ رکھنا لازمی ہوگا۔حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی موجودگی میں اپنی گاڑی اہلکاروں سے 50 میٹر پہلے روکیں اور ان کی ہدایات پر عمل کریں۔انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔