تھر کی کوئل مائی بھاگی کی 40ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

تھر کی کوئل مائی بھاگی کی 40ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

Jul 7, 2026|ویب ڈیسک

تھرپارکر( شوبز ڈیسک) صحرائے تھر کی ثقافت اور لوک موسیقی کو نئی شناخت دینے والی نامور لوک گلوکارہ مائی بھاگی کی 40ویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔تھرپارکر کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں پیدا ہونے والی بھاگ بھری نے بعد ازاں مائی بھاگی کے نام سے شہرت حاصل کی۔ محدود وسائل اور سخت حالات کے باوجود انہوں نے اپنی منفرد آواز اور فن کے ذریعے لوک موسیقی میں نمایاں مقام بنایا، جس پر انہیں تھر کی کوئل بھی کہا جاتا ہے۔مائی بھاگی نے 1960ء کی دہائی میں ریڈیو پاکستان سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا، جو انہیں قومی اور بین الاقوامی شہرت تک لے گیا۔ انہوں نے تھری اور مارواڑی لوک موسیقی کو دنیا بھر میں متعارف کرایا، جبکہ ان کا مقبول گیت "کھڑی نیم کے نیچے" آج بھی موسیقی کے شائقین میں بے حد پسند کیا جاتا ہے۔تھر کی ثقافت اور لوک ورثے کے فروغ میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا۔ مائی بھاگی 7 جولائی 1986ء کو اس دنیا سے رخصت ہوئیں، تاہم ان کی سحر انگیز آواز اور لوک گیت آج بھی شائقین کے دلوں میں زندہ ہیں۔